پریاگ راج، 06 مئی (یو این آئی) الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک عرضی کو خارج کر دیا ہے جس میں مساجد میں اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر لگانے کو آئین کے تحت بنیادی حق قرار دیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ کے جسٹس وویک کمار برلا اور جسٹس وکاس کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دینا آئین میں دیے گئے بنیادی حق کے زمرے میں نہیں آتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اذان اسلام کا اٹوٹ حصہ ہے لیکن لاؤڈ اسپیکر
کے ذریعے اذان دینا اسلام کا حصہ نہیں ہے۔
درخواست گزار عرفان نے ہائی کورٹ میں یہ عرضی داخل کرتے ہوئے گزشتہ سال 3 دسمبر کو بدایون کے ڈپٹی کلکٹر (ایس ڈی ایم) کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا جس میں انہوں نے ضلع کے دھورن پور گاؤں میں واقع نوری مسجد میں لاؤڈ اسپیکر لگانے کی اجازت نہیں دی تھی۔ . درخواست گزار نے دلیل دی کہ ایس ڈی ایم کا حکم ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے، اس لیے یہ حکم غیر قانونی ہے۔