نئی دہلی، 07 مئی (یو این آئی) کانگریس نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ہفتہ کے روز کیے گئے اضافے پر مرکزی حکومت کی سخت تنقید کی ہے اور اس اضافہ کو فوری طور پر واپس لینے اور عوام کو راحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا کہ مودی حکومت عام آدمی کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے اور اس کو فوری طور پر سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت کو 2014 کی سطح پر لانا چاہیے۔
پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے بھی پارٹی کے صدر دفاتر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور دہلی میں
اس کی قیمت 1000 روپے میں صرف 50 پیسے کم رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب’ سلنڈر کو سرینڈر ‘ کرنے کا وقت آگیا ہےکیونکہ اس کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔ انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایل پی جی کے دو سلنڈر بھی سجاکر کے رکھے تھے۔
مسٹر سورجے والا نے اس سے پہلے کہا کہ، "بی جے پی مالا مال، جنتا بے حال۔ بی جے پی کے دور حکومت میں سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر ڈھائی گنا مہنگے ہو چکے ہیں، کھانا پکانے والی گیس متوسط اور غریب افراد کی پہنچ سے باہر ہے۔ مئی 2014 میں ایل پی جی کا ریٹ 414 روپے ، آج - 999.50 روپے ہے، اب تک 585.5 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔"