نئی دہلی، 24جنوری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو کہاکہ ہندستان جلد ہی اپنے بھروسہ پر ایک انسان بردار مشن خلا میں بھیجنے والا ہے اور ملک کی نوجوان نسل پوری تندہی سے اس مہم میں مصروف ہے۔
مسٹر مودی نے ’راشٹریہ بال پرسکار۔2022‘کی فاتح بچیوں سے بات چیت میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اب سے کچھ وقت بعد ہندستان اپنے دم پر پہلی بار خلا میں ہندستانیو ں کو بھیجنے والا ہے۔ اس خلائی مشن کا دارومدار بھی ہمارے
نوجوانوں پر ہی ہے۔ جو نوجوان اس مشن کے لئے منتخب کئے گئے ہیں وہ اس وقت سخت محنت کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے آج عالمی کمپنیوں کی قیادت کررہے ہندستانی یا ہندستانی نزاد لوگوں کی مثال دیتے ہوئے فاتحان سے کہا کہ آپ کی ہی نسل ہندستان ہی نہیں، بلکہ ہندستان کے باہر بھی اس نئے دورکو قیادت فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج ہمیں فخر ہوتا ہے کہ جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہندستان کے نوجوان نئے نئے انوویشن کررہے ہیں،ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔