نئی دہلی، یکم مارچ (یو این آئی) یوکرین پر روسی فوجی کارروائی کے دوران ہندوستان کے لئے ایک افسوسناک پیشرفت میں کرناٹک کے ایک طالب علم نوین ایس جی کی فائرنگ میں موت ہوگئی اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے متاثرہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹویٹ کرکے کہا،’’بڑے افسوس کے ساتھ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ خارکیف شہر میں آج صبح فائرنگ میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت ہوگئی۔وزارت متوفی کے سوگوار خاندان کے ساتھ رابطے میں
ہے۔‘‘
مسٹر باگچی نے کہا،’’ہم طالب علم کے خاندان کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ یوکرین میں ہندوستان کے قریب 18 ہزار طلبہ ہیں ،جنہیں واپس لانے کےلئے حکومت ’آپریشن گنگا‘ چلا رہی ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے اس مہم میں فضائیہ کی مدد کےلئے جانے کو بھی کہا ہے۔وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو مغربی یوکرین سے متصل رومانیہ ،ہنگری،پولینڈ جیسے ملکوں میں داخل ہونے کو کہا گیا ہے،جہاں سے ہندوستانی افسر ان کی واپسی کے سفر کا انتظام کررہے ہیں اور اس کام میں تعاون کےلئے چار وزرا کو ان ملکوں میں بھیجا گیا ہے۔