نئی دہلی، 3 جون (یو این آئی) ہندوستان نے آج یمن میں متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی میں دو ماہ کی توسیع کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے ملک میں سیاسی بات چیت شروع ہوگی جس سے امن، سلامتی اور استحکام آئے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہم یمنی تنازعے میں شامل تمام فریقوں کے درمیان
موجودہ جنگ بندی کو مزید دو ماہ تک بڑھانے کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یمن میں گزشتہ دو ماہ کے دوران تشدد میں کمی اور اقوام متحدہ کی پہل پر پہلی براہ راست میٹنگ کو دیکھ کر بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ پیشرفت فریقین کے درمیان مزید سیاسی بات چیت کا باعث بنے گی اور تنازع کا خاتمہ کرکے یمن میں امن، سلامتی اور استحکام لائے گی۔