نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) ہندوستان نے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے لبنان کے خلاف جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے امن و استحکام قائم کیا جائے گا وزارت خارجہ نے آج یہاں جاری بیان میں کہا، ”ہم اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ہم نے ہمیشہ
کشیدگی کو کم کرنے، تحمل سے کام لینے اور مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر واپس آنے پر زور دیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ پیش رفت وسیع تر خطے میں امن اور استحکام کا باعث بنے گی۔ واضح رہے کہ آج صبح مسٹر نیتن یاہو نے تل ابیب میں جنگ بندی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی خبر دار کیا کہ اگر لبنان یا حزب اللہ کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تو جوابی کارروائی کی جائے گی۔