نئی دہلی، 27فروری(ایجنسی) ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے آج بدھ کو اس کے ایک جنگی طیارہ کو مار گرایا حالانہ اس کارروائی کے دوران ہندوستانی فضائیہ کا ایک طیارہ تباہ بھی ہوگیا اور اس کے پائلٹ کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔
وزارت خاررجہ کے ترجمان رویش کمار نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بتایا کہ
پلوامہ میں سی آر پی ایف پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے منگل کو پاکستان کے بالاکوٹ میں واقع جیش محمدکے دہشت گرد کیمپ کو تباہ کرنے کی کارروائی کی تھی ۔ اس کے جواب میں پاکستان نے بدھ کی صبح بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے فضائیہ نے اس کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران فضائیہ کا ایک مگ 21طیارہ ہم نے کھو دیا جو پاکستانی علاقے میں گرا ہے۔ طیارہ کا پائلٹ ابھی لاپتہ ہے ۔ پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ پائلٹ اس کے قبضے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بارے میں اطلاعات یکجا کی جارہی ہیں۔