نئی دہلی، 21 جون (یو این آئی) ہندوستان اور نیپال نے سرحدی انتظام اور سیکورٹی کے معاملات کے نقطہ نظر سے اہم مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پہلے کئے گئے فیصلوں کا جائزہ لیا۔
بارہویں ہندوستان-نیپال مشترکہ ورکنگ گروپ کی یہاں 15-16 جون کو میٹنگ ہوئی۔ دو روزہ بات چیت کے دوران ہندوستانی وفد کی قیادت وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری (بارڈر مینجمنٹ) نے کی اور نیپالی وفد کی قیادت وزارت داخلہ، نیپال میں جوائنٹ سکریٹری نے کی۔
دونوں فریقوں نے 2015 میں پوکھارا، نیپال میں منعقدہ آخری مشترکہ ورکنگ گروپ میٹنگ میں کیے گئے
فیصلوں کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقین نے سرحد پار مجرمانہ سرگرمیوں، سرحدی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، سیکورٹی سے متعلق مختلف اداروں کو بااختیار بنانے اور استعداد کار میں اضافے، دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام وغیرہ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ نے بارڈر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (بی ڈی سی سی) کے اجلاسوں کا جائزہ لیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ نے باہمی قانونی معاونت کے معاہدے، حوالگی کے معاہدے اور دونوں فریقوں کے درمیان زیر التواء مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کی جانب پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔