نئی دہلی، 12جنوری (یو این آئی) آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے نے بدھ کو کہاکہ شمالی سرحد پر چین کے ساتھ حالات ’مستحکم اور کنٹرول‘ میں ہیں اور وہاں کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کی مکمل تیاری ہے۔
آرمی ڈے سے پہلے یہاں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پریس کانفرنس میں آرمی چیف نے کہا کہ اگر آپ گزشتہ سال جنور ی کی بات یاد کرتے ہیں تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہماری شمالی اور مغربی سرحد پر حالات میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ
شمالی سرحد پر حالت ’مستحکم اور کنٹرول‘ میں ہے۔ شمالی سرحد پر ہم کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے مکمل طورپر تیاری کئے ہوئے ہیں ساتھ ہی چین کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ معاملات کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے چین کے ساتھ آج شروع ہوئی آرمی کمانڈر سطح کے14ویں راونڈ کے بارے میں کہا کہ صبح دونوں فریقین نے اپنے اپنے ابتدائی بیان دیئے تھے، اس کے بعد تفصیلی بات چیت چل رہی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بات چیت سے حل نکلے گا۔