نئی دہلی ، 30 دسمبر (یواین آئی) مرکزی کابینہ نے ہندوستان اور بھوٹال کے درمیان 19 نومبر 2020 کو خلا کے پرامن استعمال میں تعاون پر ہوئے مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) کو منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
سرکاری اطلاع کے مطابق اس مفاہمت نامہ سے ممکنہ دلچسپی کے شعبوں جیسے سیٹلائٹ مواصلات اور سیٹلائٹ پر مبنی نیویگیشن ، خلائی سائنس اور سیارے کی تلاش ، خلائی جہاز اور خلائی نظام اور جیو سسٹم ، خلائی ٹکنالوجی کے استعمال میں تعاون کو بڑھانا ممکن ہو گا۔
اس ایم او یو کی منظوری کے تحت انڈین خلائی
تحقیقاتی تنظیم (اسرو) اور وزارت اطلاعات و مواصلات کے اراکین کے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو ایکشن پلان پر کام کرے گا۔ اس ایم او یو کے ذریعے بھوٹان کی حکومت کے اشتراک سے انسانوں کے مفاد کے لئے خلائی ٹکنالوجی کے استعمال کے شعبے میں مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
ہندوستان اور بھوٹان باضابطہ خلائی تعاون پر تبادلہ خیال کرتے رہے ہیں۔ نومبر 2017 میں خلائی تعاون کے لئے بین سرکاری ایم او یو کی تجویز بھوٹان کے سامنے پیش کی گئی تھی۔ اس مسودے پر فروری 2020 میں ہونے والی دوطرفہ اجلاس کے دوران تعاون کی دیگر تجاویز کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔