نئی دہلی، یکم جون (یو این آئی) ہندوستانی ریلوے نے آج بنگلہ دیش کے لیے تیسری مسافر ٹرین سروس کے طور پر شمال مغربی بنگال کے نیو جلپائی گڑی اسٹیشن سے ڈھاکہ کینٹ کے لیے متھالی ایکسپریس کا آغاز کیا۔
ریلوے کے وزیر اشونی وشنواورہندوستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیش کے وزیر ریلوے محمد نورالاسلام سوجان نے یہاں وزارت ریلوے میں منعقدہ ایک ورچوئل پروگرام میں ویڈیو لنک کے ذریعے نیو جلپائی گڑی سے
متھالی ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
ریل خدمات کے ذریعے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے لوگوں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ورچوئل میٹنگ میں اس ریل سروس کو چلانے کا فیصلہ 27 مارچ 2021 کو کیاگیا تھا۔ لیکن کووڈ وبائی پابندیوں کی وجہ سے یہ ٹرین شروع نہیں ہو سکی تھی۔ یہ ٹرین سروس حال ہی میں بحال کی گئی ہلدی باڑی-چلاہاٹی ریل لنک کے ذریعے چلائی جائے گی۔