نئی دہلی، 8 جون (یو این آئی) ہندوستان اور ویتنام نے دفاعی شعبے میں تعاون کو بڑھانے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دفاعی شراکت داری کے مشترکہ وژن دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔
دونوں ممالک نے باہمی لاجسٹک اسسٹنس پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ویتنام کے تین روزہ دورے پر منگل کو ہنوئی پہنچے جہاں انہوں نے ویتنام کے وزیر دفاع جنرل فان وان گیانگ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ دونوں فریقین کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی اور عالمی مسائل کے لیے موثر اور عملی
اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی۔
دونوں وزرائے دفاع نے موجودہ دفاعی تعاون کے دائرہ کار اور سطح کو کافی حد تک بڑھانے کے لیے '2030 کے لیے ہندوستان-ویتنام دفاعی شراکت داری پر مشترکہ وژن بیان' پر بھی دستخط کیے ہیں۔
دونوں وزراء کی موجودگی میں باہمی لاجسٹک اسسٹنس پر ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے گئے۔ یہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی طور پر فائدہ مند لاجسٹک امداد کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ ویتنام نے اس سے پہلے کسی دوسرے ملک کے ساتھ ایسا معاہدہ نہیں کیا۔