نئی دہلی، 17 فروری (یواین آئی) مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ گذشتہ دس ماہ سے جاری تنازع کے دوران حکومت نے سرحد پر اگلے مورچوں تک پہنچنے کے لئے ڈھانچہ جاتی سہولیات بڑھانے کے مقصد سے بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے لئے بجٹ الاٹمنٹ میں اضافہ کیا گیا ہے وزارت دفاع نے آج بتایا کہ سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 2021-22 کے لئے مختص رقم 5538.23 کروڑ روپے سے بڑھا کر 6004.08 کروڑ روپے کردی گئی ہے۔ سڑکوں کی دیکھ بھال کے لئے مختص رقم 750 کروڑ روپے کے بجائے 6004.08 کروڑ روپے کردی گئی ہے۔ نیز سرمایہ کاری کے کام کے لئے الاٹمنٹ
میں 2300 کروڑ روپے کے بجائے 2500 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی بجٹ کی رقم میں اضافے کی وجہ سے جدید تعمیراتی پلانٹ ، سازو سامان اور مشینری کی مزید خریداری کی جائے گی اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل انفراسٹرکچر سہولیات کی تعمیر کو تیز کیا جائے گا۔ نیز سرحدی علاقوں میں سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی بہتر بحالی کی جائے گی۔ بڑھی ہوئی رقم خاص طور پر شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں سڑکیں ، سرنگیں اور اسٹریٹجک اہمیت کے پلوں کی تعمیر میں تیزی لائے گی۔