لکھنؤ:26جولائی(یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمومایاوتی نے شکشا متروں کے اعزازیہ میں اضاافہ کے امکانات کو انتخابی سیاست سے متاثر بتاتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار بی جے پی کانگریس کے نقشے قدم پر چل رہی ہے محترمہ مایاوتی نے پیر کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا'اگر یہ خبر صحیح ہے کہ یو پی میں اسمبلی انتخابات سے پہلے شکشامتروں کو ملنے والے اعزازیہ میں اضافہ ہوسکتا ہے تو یہ کافی تاخیر سے اٹھایا گیا قدم ہے ۔یہ کام بہت پہلے ہوجانا چاہئے تھا جبکہ انتخاب کے نزدیک ایسے فیصلے کرنا کانگریسی کلچر رہا ہے جس پر اب بی جے پی بھی چل رہی ہے۔ عوام یہ
سب سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کا طرز عمل ایسی تنگ انتخابی سوچ سے ہمیشہ الگ و پاک صاف رہی ہے۔ اسی وجہ سے سال 2007 میں حکومت بنتے ہی ہم نے اپر کاسٹ کی تقرری پر لگی روک کو فورا ہٹایا جس سے پھر اس پورے سماج کو بھرپور فائدہ ہوا اور انہیں یہاں سالوں بعد بڑی تعداد میں سرکاری نوکریاں ملیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یوگی حکومت اسمبلی انتخاب سے پہلے تقریبا ڈیڑھ لاکھ شکشا متروں کے اعزازیہ میں دو سے چار ہزار روپئے کا اضافہ کرسکتی ہے۔ شکشا متروں کو فی الحال 10ہزار روپئے اعزازیہ ملتا ہے اور گذشتہ چار سالوں سے اس میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔