نئی دہلی، 14 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت کم ہونے پر اس کا فائدہ صارفین کو دینے کے بجائے حکومت کے آج پٹرول اور ڈیزل پرایکسائز ڈیوٹی میں تین روپے فی لیٹر کا اضافہ کرنے کے فیصلے کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
کانگریس کے ترجمان اجے ماکن نے سنیچر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو اضافہ شدہ ایکسائز ڈیوٹی فوری طورپر واپس لینی چاہئے اور پٹرول
اور ڈیزل کو اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے دائر ے میں لاکر ان کی قیمت فوری اثرات سے چالیس فیصد تک کم کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ تیل کی قیمت کم کرنا ضروری ہے اور کانگریس اس کے لئے حکومت پر دباو بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ ہورہی ناانصافی پر پارلیمنٹ میں حکومت سے سوال پو چھے گی۔ پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر عوام کی آواز بن کر کانگریس اس معاملہ کو اٹھائے گی اور جب تک ملک کے عوام کی مانگ پوری نہیں ہوتی اس معاملہ کو موثر طریقہ سے اٹھاتی رہے گی۔