نئی دہلی، 16 اپریل (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پنجاب کے لوگوں کو 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے اعلان پر عام آدمی پارٹی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ریاست میں اپنا پہلا وعدہ پورا کردیا۔
مسٹر کیجریوال نے ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان صاحب نے ایک شاندار اعلان کیا ہے۔ جس طرح دہلی کو مفت بجلی ملتی ہے، اسی طرح 1 جولائی 2022 سے پنجاب کے لوگوں کو بھی 300 یونٹ مفت بجلی ملنا شروع ہو جائے گی۔ آج صبح جب سے یہ اعلان ہوا ہے، پنجاب کے لوگ بہت خوش ہیں۔ مجھے پنجاب سے بہت سے لوگوں کے فون آئے ہیں۔ لوگوں اس پر یقین نہیں ہورہا
تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے الیکشن کے دوران گارنٹی دی تھی کہ بجلی مفت کریں گے تو تمام پارٹیاں کہتی تھیں کہ پنجاب کا سرکاری خزانہ خالی ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا، کجریوال جھوٹ بول رہے ہیں، بھگونت مان جھوٹ بول رہے ہیں۔ لیکن ہم نے یہ کردیا۔ ہم اسے بار بار کہتے تھے اور جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنے ہوئے صرف ایک مہینہ ہوا ہے اور عآپ کی پنجاب حکومت نے اپنا پہلا وعدہ پورا کیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ایک ایک کر کے اپنے تمام وعدے پورے کریں گے۔ ان جماعتوں نے پنجاب کو مکمل طور پر لوٹا ہے۔ پنجاب کا خزانہ بالکل خالی تھا۔ لیکن میں نے کہا کہ اچھی نیت کی ضرورت ہے، ایمانداری کی ضرورت ہے۔