نئی دہلی، 6 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ 41 سال پہلے قائم ہونے والی بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے آٹھ سالہ دور اقتدار میں ملک کے تمام طبقات کے لوگوں کو شدید درد دیا ہے۔
کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کے روز کہا کہ 8 سال کے اقتدار میں اس 41 سال پرانی پارٹی نے ملک کو مہنگائی، شدید بے روزگاری، شدید بھوک مری ، زراعت پر حملہ، ڈوبتی معیشت، ایم ایس ایم ای ایس پرلاک ڈاؤن ، ہمہ گیر نفرت، مذہبی تفریق اور صرف جملے دیے ہیں ۔ پورے ملک کو تکلیف پہنچانے والی یہ جماعت اپنے یوم تاسیس پر ان مسائل پر بات نہیں کرتی بلکہ وہ کرتے ہیں 70 سال کی بات جبکہ 1977-80، 1989-91، 2002-04، 2014-22 سے لے
کر تقریباً 20 سال تک انہیں کی حکومت رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی اقربا پروری کی بات کرتی ہے جبکہ بی جے پی پارلیمنٹ سے لے کر ہر صوبے میں خاندانی پارٹی بنی ہوئی ہے۔ یہ پارٹی قوم پرستی کی بات کرتی ہے، جبکہ یہ ملک کی زمین پرچین کے جبراََ قبضے کو نہیں ہٹا سکتی۔ اسی طرح یہ جماعت بات کرے گی معاشی ترقی کی جبکہ ملک کے 84 فیصد لوگوں کی آمدنی کم ہوئی ہے اور 23 کروڑ لوگ خط افلاس سے نیچے آئے ہیں ۔
ترجمان نے کہا کہ بی جے پی نیو انڈیا کی بات کرتی ہے، جبکہ ایک دوست صنعت کار کی دولت دیکھتے ہی دیکھتے 100 ارب ڈالر ہوگئی اور 100 امیروں کی آمدنی 57 لاکھ کروڑ ہوگئی ہے، جبکہ ملک کا غریب مفت راشن کی لائن میں کھڑا ہے۔