اسلام آباد، 28 مئی (ایجنسی) پاکستان نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے جمعرات کو ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے وزیر اعظم عمران خان کو مدعو نہ کرنے کے حکومت ہند کے فیصلہ کو ہندوستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔
انگریزی روزنامہ ’ ڈان‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیر کی شام کو ایک نیوز چینل سے کہا’’ان کی (مسٹر مودی) مکمل توجہ اپنے انتخابی مہم کے دوران پاکستان کو کوسنے پر تھی۔ ہم اب یہ امید نہیں کر سکتے کہ وہ اتنی جلدی اس سے باہر نکلیں گے‘‘۔
ہندوستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے جمعرات کو ہونے والی حلف برداری تقریب کے لئے تمام بمسٹیك ممالک کے رہنماؤں کو مدعو
کیا ہے۔
بمسٹیك ممالک میں- ہندوستان کے علاوہ بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، سری لنکا، میانمار اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی نے جب 2014 میں وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لیا تھا تو ان کی حلف برداری کی تقریب میں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) ممالک کے لیڈروں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔ پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے اس وقت مسٹر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
قابل غور ہے کہ 14 فروری کو جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے پر ہوئے خود کش حملے میں 40 جوانوں کے شہید ہونے کے بعد سے ہی دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہیں۔