نئی دہلی، 24 مارچ (یو این آئی) راجیہ سبھا میں آج راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما منوج کمار جھا نے بہار اسمبلی میں خاتون اراکین اسمبلی کے ساتھ ہوئے ناروا سلوک کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی جس کی اجازت نہیں ملی۔
مالیاتی بل پر بحث سے پہلے مسٹر جھا نے خاتون اراکین اسمبلی کے ساتھ غلط برتاؤ کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن چیئرمین ایم وینکیا نائیڈود نے اس کی
اجازت نہیں دی۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ یہ ریاست کا معاملہ ہے لہٰذا اسے ایوان میں نہیں اٹھایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اراکین نے مہاراشٹر سے وابستہ ایک معاملے کو اٹھانے کی کوشش کی تھی جس کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ کسی ریاست میں اگر ناانصافی ہوتی ہے تو چیئرمین اس پر بحث کی اجازت دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد فنانس بل پر بحث شروع ہو گئی۔