وارانسی، 13 نومبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آزادی کے بعد ملک پر پسماندگی کے داغ کے پیچھے سب سے بڑی وجہ مادری زبان میں تعلیم نہ دینے کو اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ،’ہمارا ملک پسماندہ ہو گیا ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی تعلیم اپنی مادری زبان میں نہیں کی‘۔
مسٹر شاہ نے ہفتے کو یہاں راج بھاشا سمیلن ( سرکاری زبان کی کانفرنس) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد ملک کو سوراج مل گیا اب اسے ’سُراج‘ میں تبدیل کرنا ہے، لیکن ’سودیشی‘ اور ’سو بھاشا‘ پیچھے چھوٹ
گئے ہیں ۔ انہوں نے اپیل کی کہ آزادی کے امرت مہوتسو میں ہم پیچھے چھوٹے ان مقاصد کو پورا کریں۔
مسٹر شاہ نے ملک کو آزادی ملنے کے بعد بھی مادری زبان سمیت دیگر مقامی زبانوں کے ساتھ سوتیلا برتاؤ کیے جانے کو تاریخی بھول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ وقت چلا گیا ہے‘ جب اپنی مادری زبان جاننے والوں کو شرم کا احساس کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنی زبانوں کو بھلا دیتا ہے‘ وہ ملک اپنی بنیادی فکر بھی کھو دیتا ہے لہٰذا وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی اسٹیج پر اپنی بات اپنی مادری زبان میں ہی رکھی۔