نئی دہلی، 31 مارچ (یو این آئی) مرکزی حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ تبلیغی جماعت کے کارکنان کی شناخت کرنے، انہیں علیحدہ کرنے اور کوارنٹائن کرنے کے لئے پابند ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ نظام الدین کے مرکز سے اب تک جماعت کے 1339 کارکنان کو دلی کے نریلا، سلطانپوری اور بکروال کوارنٹائن مرکز اور ایل این جے پی، آر جی ایس ایس، جی ٹی بی، ڈی ڈی یو اسپتالوں اور ایمس جھجھر میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ان میں سے باقی کی طبی جانچ کی جارہی ہے۔
وزارت نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا
کے انفیکشن کے 19 معاملے سامنے آنے کے بعد 21 مارچ کو سبھی ریستوں کے ساتھ ملک میں موجود جماعت کے کارکنوں کی تفصیلات مشترک کی گئی ہیں۔ اس فوری کارروائی کا مقصد کورونا سے متاثر جماعت کے کارکنوں کی شناخت کرنا اور انہیں علیحدہ کرکے کوارنٹائن کرنا تھا جس سے انفیکشن کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
وزارت داخلہ نے سبھی ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ ساتھ دلی پولیس کے کمشنر کو ہدایت جاری کی تھیں۔ اس بارے میں خفیہ بیورو کی جانب سے بھی 28 مارچ کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو خط لکھے گئے۔