سری نگر، 24 مارچ (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی رہائی پر اپنے وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ میں جانے والوں اور لاک ڈاؤن میں رہنے والوں کو مشورے دینے کے لئے میرے پاس کئی ماہ کا تجربہ ہے۔
عمر عبداللہ نے قریب آٹھ ماہ کی نظر بندی کے خاتمے کے فوراً بعد اپنے ٹویٹر ہینڈل جس کو ان کی بہن سارہ
عبداللہ گذشتہ چند ہفتوں سے چلارہی تھیں، کو اپنی تحویل میں لے کر خود ٹویٹ کرنے کے سلسلے کو بحال کیا۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا: 'میں کپل سبل، گوپال سنکارا نارائن، ریاض شارق اور ان کی ٹیموں کا ممنون ہوں جنہوں نے عدالت عظمیٰ میں میری پی ایس اے کے تحت نظر بندی کے خلاف مقدمہ لڑا، میں اپنی بہن سارا کا بھی شکر گذار ہوں جس نے میری رہائی کے لئے عرضی دائر کی'۔