کلکتہ 5؍ اپریل (یواین آئی)وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیر اعظم مودی کے ذریعہ ’’او دیدی اودیدی ‘‘ جیسے بیانات دئیے جانے پر جوا ب دیتے ہوئےکہا کہ وہ ہر دن اس طرح کا بیان دیتے ہیں مگر مجھے اس سےکوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہر ایک انسان کا اپنا کلچر ہوتا ہے ممتا بنرجی نے خود کو رائل بنگال کا ٹائیگر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ وہ چوٹ کے باوجود اسمبلی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں اور بنگال میں تو جیت حاصل کریں گی اور اس کے بعد دہلی کی کرسی پر بھی جیت حاصل کریں گی ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں اپنے لوگوں کی حکومت ہوگی ۔بنگال پر
بنگالی ہی حکومت کرےگا اور وہ تیسری مدت کےلئے وزیر اعلیٰ بنیں گی ۔ مغربی بنگال میں گجرات سے کوئی بھی حکومت نہیں کرے گا۔ بنرجی نے کہا کہ میں ایک ٹانگ سے بنگال اور دو پیروں سے دہلی جیتوں گی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ جان بوجھ کر ان پر حملہ کیا گیا۔10مارچ کو نندی گرام میں جان بوجھ کر ان کو زخمی کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پورے کوشش تھی کہ مجھے کلکتہ میں روک دیا گیا مگر میں نے ہمت سے کام لیا اور پورے بنگال کا دورہ کررہی ہوں ۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ نندی گرام میں کوئی خاص واقعہ پیش نہیں آیا ۔ممتا بنرجی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ کسی سازش کا نتیجہ نہیں بلکہ حادثہ تھا۔