کٹیہار کشن گنج 03 نومبر ( یواین آئی ) کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار پر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سچ کے سپاہی ہیں اور جھوٹے وعدے نہیں کرتے اس لئے بہار میں حکومت بنی تو کسانوں کے قرض معاف کئے جائیںگے ، روزگار سمیت سبھی وعدے پورے کر کے دکھائیںگے۔
مسٹر گاندھی نے بہار میں تیسرے مرحلہ کے اسمبلی انتخاب والے کٹیہار اور کشن گنج ضلع میں مہا گٹھ بندھن امیدواروں کے حق میں
منگل کو منعقدہ انتخابی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سال 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں مسٹر نریندر مودی نے کہاکہ وہ کالا دھن واپس لائیںگے اور سبھی کے بینک کھاتوں میں پندرہ ۔ پندرہ لاکھ روپے ڈالیںگے ، اور ہر سال دو کروڑ نوکریاں دیںگے لیکن انتخاب جیتنے اور وزیراعظم بننے کے بعد وہ اپنے سبھی وعدے بھول گئے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم بننے کے بعد مسٹر مودی شام آٹھ بجے آتے ہیں اور اور اعلان کرتے ہیں کہ اب سے 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹ بند کر دیئے گئے ہیں اب عوام اپنے پیسے بینکوں میں رکھیں۔