کولکاتا،11 اگست (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کوخبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوؤں کے تہواروں میں کسی طرح کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مسٹر شاہ نے ہفتے کو مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں مايو روڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بنگال میں اگر درگا پوجا یاسرسوتی پوجا میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو بی جے پی کے کارکن خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔بلکہ اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ ریاست میں نازبرداری کی سیاست کرنے کے لئے ہندو تہواروں میں
رکاوٹ پیدا کرنا نامناسب ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیدی آپ نے ہندوؤں کو درگا پوجا وسرجن نہیں کرنے دیا، سرسوتی پوجا نہیں کرنے دی۔ اگر آئندہ آپ نے ایسا کیا تو بی جے پی کارکن سیکریٹریٹ تک جلوس نکال کر آپ کی حکمت عملی کا جواب دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ترنمول کانگریس اور راہل گاندھی بھلے ہی جتنی مخالفت کریں، این آرسي کو روکا نہیں جائے گا۔ این آرسي کاعمل جاری رہے گا کیونکہ غیر قانونی دراندازوں کو روکنے کا یہ واحد راستہ ہے۔ این آرسي کو لے کر ہم مصروف عمل ہیں۔ آسام میں ہم منطقی نتیجہ نکالیں گے۔ میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ دراندازوں کو کیوں رکھنا چاہتے ہیں۔