نئی دہلی، 30 جون (یو این آئی) شدید گرمی اور رَطُوبَت سے پریشان قومی دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو طویل انتظار کے بعد جمعرات کی صبح رم جھم سے راحت ملی ادھر محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے دہلی میں گزشتہ کئی دنوں سے جھلساتی گرمی کے درمیان لوگ رَطُوبَت سے زیادہ پریشان تھے دہلی میں شدید گرمی نے لوگوں کی بری حالت کر دی تھی۔ ایسے میں لوگ بارش کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ اس بار مانسون کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پہلے 27 جون سے دہلی میں بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ اس کے بعد محکمہ نے پیش گوئی کی تھی کہ 30 جون سے یکم جولائی تک مانسون دہلی میں دستک دے سکتا ہے، تب تک رَطُوبَت پریشان کرے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، قومی راجدھانی میں کم سے کم درجہ حرارت 27.6
ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا معمول کے مطاب اوسط درجہ حرارت ہے۔ صبح 8.30 بجے نسبتاً رَطُوبَت کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کا دن ابر آلود رہنے کے ساتھ درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ چھینٹے پڑیں گے۔ شہر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے بعد دہلی ٹریفک پولیس نے جمعرات کو مسافروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی۔ دہلی ٹریفک پولیس نے ٹویٹ کیا ’’محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اسی کے مطابق اپنا سفر پلان بنائیں کریں۔ ‘‘