نئی دہلی 31 جولائی(ایجنسی) ہوائی سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈر کی مانگ کے تحت سپریم کورٹ میں داخل کردہ عرضی کی سماعت آج چار ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
یہ عرضی آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے مارچ میں داخل کی تھی ۔
سمیتی کے صدر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے بتایا کہ وہ پر امید ہیں کہ عدالت سے ہندستانی عازمین حج کو انصاف ملے گا جنہیں حج سبسڈی
ختم ہونے کے بعد انتہائی مہنگے سفر حج کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلوبل ٹنڈر جاری کرنے سے حکومت کے عدم اتفاق کی وجہ سے انہوں نے انصاف کی امید کے ساتھ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔
مسٹر اعظمی نے مزید کہا کہ آبی سفر حج کا بھی آغاز نہیں ہوا لیکن اس کے لئے گلوبل ٹنڈر طلب کر لیا گیا ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ حکومت ہوائی مسافرین حج کے حق میں بھی لچکدار رویہ اختیار کر کے ہندستانی حاجیوں کو راحت فراہم کرے گی۔