نئی دہلی، 05 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمت میں جس سطح پر تخفیف ہوئی ہے اس کے مطابق ملک کے عوام کو راحت دیتے ہوئے حکومت کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 25 روپیے تک کم کرنی چاہیے۔
کانگریس کے ترجمان گورو ولبھ نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ مودی حکومت تیل پر ایکسائز ڈیوٹی کو کانگریس حکومت کی سطح پر کر عالمی بازار میں خام
تیل کی قیمت میں ہونے والی کمی کا فائدہ ملک کے عوام کو پہنچائے اور پٹرول کی قیمت میں 26.42 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 25.24 روپے کم کرے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہماچل پردیش سمیت کئی ریاستوں میں ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد مودی حکومت نے فوری طور پر 5 روپے فی لیٹر کی کم کرنے کا جھنجھنا عوام کو تھما دیا جبکہ یہ تخفیف 8 روپے فی لیٹر کی کمی کے حساب سے کی جانی چاہیےتھی لیکن اصل فائدے سے ملک کے عوام کو محروم کر دیا۔