نئی دہلی،8دسمبر(یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت کو اگر زرعی شعبہ میں اصلاح لانی ہے اور کسانوں کے حق میں کچھ کرنا ہے تو اسے حال میں پاس کسانوں سے متعلق تینوں قانونوں کو واپس لے کر سب کے اتفاق سے نئے قانون بناکر کم از کم امدادی قیمت - ایم ایس پی کو لازمی کردینا چاہئے کانگریس کے سینئر رہنما اور ہریانہ کے سابق وزیراعلی بھوپیندر سنگھ ہڈا نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کو کھیتی کو روزگار کی پائیدار بنیاد بنانے کےلئے زرعی اصلاحات کو قانونی جامہ پہنانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو سب سے پہلے ان تینوں قانونوں کو واپس لے کر کسانوں کی تحریک کو ختم کرنا
چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کے حق کی بات کرنے والی مودی حکومت اپنے مطالبات کے سلسلے میں دہلی آرہے کسانوں کو پانی کی بوچھاریں اور ڈنڈے مارکر روکنا چاہتی ہے۔کسان ایسا برتاؤ کرنے والی حکومت پر کیسے بھروسہ کر سکتے ہیں۔
مسٹر ہڈا نے کہا کہ کسانوں کا حکومت پر بھروسہ برقرار رہے اس کےلئے ان کے ساتھ ظالمانہ رویہ کرنے کے بجائے حکومت کو ان کے ساتھ پیار سے بات کرنی چاہئے تھی لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے اور کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔
کانگریس رہنما نے کسانوں کے بھارت بند کو کامیاب بتایا اور کہا کہ حکومت نے ان کے ساتھ نا انصافی کی ہے اس لئے پارٹی نے کسانوں کے بند کی حمایت کی ہے۔