نئی دہلی،12 فروری (یواین آئی)کیرال کے گورنر عارف محمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لڑکیوں کو حجاب پہننے کے اپنے حق کے سلسلے میں مخالفت کےلئے اکسانے والے لوگ ان کا استعمال سماج کو تقسیم کرنے اور حکومت کو شرمندہ کرنے کےلئے کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ گورنر اس وقت نئی دہلی میں ہیں۔
نئی دہلی کے دورے پر آئے مسٹر خان نے پڑوسی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب کے سلسلے میں جاری تنازعہ کے سلسلے میں جمعہ کو
میڈیا سے بات چیت میں یہ تبصرہ کیا۔انہوں نے کہا،’’یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔یہ غیر ضروری ہے اور جو لوگ مسلم خواتین کو حجاب پہننے کے ان کے حق کےلئے احتجاج کرنے کےلئے اکسا رہے ہیں،وہ دراصل مسلم لیگ کی وراثت پر عمل کررہےہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر حجاب پہننے کا ان کا مطالبہ منظور کرلیا جاتا ہے ،تو مسلم خواتین کی حقیقت میں ہار ہوگی۔‘‘انہوں نے مسلم طالبات سے پڑھائی پر توجہ دینے اور کسی کے بہکاوے میں نہ آنے کےلئے کہا۔‘‘