نئی دہلی، 24 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت کووڈ ویکسین تیار کرنے کے عمل پر کڑی نگرانی کر رہی ہے اورتمام شہریوں کو اسے آسانی سے میسر کرانا ان کی ترجیح ہے-
انہوں نے کہا کہ جس طرح کووڈ کے خلاف مہم میں ہر شخص کی زندگی کو بچانا حکومت کی ترجیح رہی ہے اب بھی اس کا زور ویکسین فراہم کرکے ہر شخص کی جان بچانے پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کے منفی اثرات کے بارے میں افواہیں پھیلائی جاسکتی ہیں لہذا سرکاری
مشینری اور باقی سب کو مل کر لوگوں کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنا ہوگا۔
مختلف ریاستوں میں کووڈ انفیکشن میں اضافہ کے پیش نظر، مسٹر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ آٹھ متاثرہ ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے وزرائے اعلی سے ایک میٹنگ کی۔ اجلاس میں کووڈ انفیکشن کی صورتحال ، اس سے نمٹنے کے لئے تیاری اور انتظامیہ سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیز لوگوں کو ویکسین کی فراہمی ، تقسیم اور فراہمی جیسے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔