نئی دہلی، 05 ستمبر (یواین آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ حکومت نے بے روزگاری کم کرنے کے طریقہ کار اپنانے کے بجائے سرکاری نوکریوں میں نئی بھرتیوں کو روکنے کے لئے سرکلر جاری کیا ہے اور اسے فوری طور سے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس ترجمان راجیو شکلا نے سنیچر کو یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کل ایک
سرکلر جاری کرکے نئے عہدے پیدا کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ خالی عہدوں کو بھرنے اور یہاں تک کہ مشیر بھی مقرر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
انہوں نے اس سرکلر کو بہت ہی سنگین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دو کروڑ لوگوں کو ہر سال نوکری دینے کی بات کرنے والی حکومت نے کچھ ہی مہینوں میں دو کروڑ لوگوں کی نوکری چھین لی ہے۔