نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) کانگریس نے جمعہ کو نریندر مودی حکومت سے فوج میں بھرتی کے لئے 'اگنی پتھ اسکیم کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم "قومی سلامتی" اور نوجوانوں کے مفاد میں نہیں ہے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دیپیندر سنگھ ہڈا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم مرکزی حکومت سے اگنی پتھ اسکیم کو فوری اثر سے واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ بھرتی سکیم نہ تو قومی سلامتی کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے محفوظ ہے۔ یہ ایک ایسی اسکیم ہے جو ہندوستانی فوج اور قوم کے لیے سازگار نہیں ہے۔
مسٹر ہڈا نے کہاکہ وزیر
دفاع کی طرف سے اعلان کردہ دو سال کی نرمی امیدواروں کے لیے ناکافی ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کے نوجوانوں سے معافی مانگے کیونکہ پچھلے تین سالوں سے فوج میں کوئی بھرتی نہیں ہوئی اور یہ بھرتی کیوں نہیں کی گئی۔
حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس ایم پی نے کہاکہ وزیراعظم ملک کے نوجوانوں کی امنگوں کے بارے میں کیوں نہیں سوچ رہے ہیں؟ حکومت اس سکیم کو لا کر عوام کی توجہ بے روزگاری کے مسئلے سے ہٹا رہی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتی ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ,انہوں نے نوجوانوں سے امن برقرار رکھنے اور عدم تشدد کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اپیل کی۔