نئی دہلی، 28 ستمبر (یواین آئی ) حالیہ پارلیمنٹ میں منظور کئے گئے لیبراصلاحات سے متعلق بلوں پر خدشات اور اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے حکومت نے پیر کو کہا کہ ان سے مزدورکو فائدہ پہنچے گا اور غیر منظم سیکٹر کے 40 کروڑ سے زائد مزدور لیبرقوانین کے دائرے میں آئیں گے۔
مرکزی وزارت برائے لیبراور روزگار نے یہاں کہا کہ ان تاریخی لیبر اصلاحات سے متعلق ضابطہ اخلاق کا مقصد مزدو کے فلاح و بہبود کے دائرے کو توسیع دینا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ لیبر کوڈ کے حوالے سے غلط افواہیں پھیلائی جا
رہی ہیں۔
تین سو سے کم ملازمین کی اکائی کوحکومت کی اجازت کے بغیر بند کرنے سے متعلق التزامات پر وضاحت کرتے ہوئے وزارت نے کہا کہ محکمہ سے منسلک پارلیمانی کمیٹی نے اس حد کو 100 سے بڑھا کر 300 کرنے کی سفارش کی تھی۔ حکومت نے متعلقہ التزامات میں تبدیل کردی ہے جبکہ دیگر التزامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ مزدوروں کے حقوق اور فوائد پہلے کی طرح ہی موجود ہیں۔ ملازم کو ملازمت سے ہٹانے سے پہلے نوٹس دینا پڑے گا اور بقیہ سروس کی مدت کے لئے اسے سالانہ 15 دن کی شرح سے معاوضہ ادا کرنا پڑے گا۔