نئی دہلی، 20 دسمبر (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت اس سے لڑنے کے لئے پوری طرح تیار ہے مسٹر کیجریوال نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ڈی ڈی ایم اے کی عہدیداروں اور ماہرین کے ساتھ اومیکرون کے حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے لیکن اس کی علامات بہت ہلکی ہیں اور موت کے امکانات کم
ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔اسپتال، آکسیجن اور ادویات کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس میں سب سے اہم ضرورت ہوم آئسولیشن کی ضرورت ہوگی۔ 23 دسمبر کو ہوم آئسولیشن مینجمنٹ پر اہم اجلاس ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب صرف کورونا سے متاثرہ پائے جانے والوں کی جینوم سیکوینسنگ ہوائی اڈوں پر کی جاتی تھی، لیکن اب دہلی آنے والے تمام کورونا کیسوں کی جینوم سیکوینسنگ کی جائے گی اور اومیکرون کی جانچ ہوگی۔