نئی دہلی،7 اپریل (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا سے لڑنے کے سلسلے میں حکومت منصوبہ بند طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے اسے کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا ہے اور وبا کی یہ لہر ہماری لاپرواہی کی وجہ سے کب سونامی بن جائے گی اس کا کسی کو پتہ بھی نہیں چلے گا۔
کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پچھلے سال جب کورونا پھیل رہا تھا تو حکومت تب بھی اسے روکنے میں ناکام ہی رہی اور یہ کہتے ہوئے بچنے کی کوشش کرتی رہی کہ پہلی بار بیماری آئی ہے اس لئے حالات سے
نمٹنے میں دقت آرہی ہے لیکن اس بار جب ملک کورونا کی دوسری لہر کی زد میں ہے پھر غلطیاں دہرائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے ہی کورونا کی ٹیکے کو ایجاد کیا ہے لیکن ٹیکہ کاری میں ہم دیگر ملکوں سے بہت پیچھے چل رہے ہیں۔حکومت نے کورونا سے نمٹنے کی تیاری ٹھیک طرح سے نہیں کی اور ٹیکہ کاری میں لاپرواہی ہورہی ہے جس کی وجہ سے ٹیکے کی بربادی ہورہی ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ویکسین کا چھ فیصد برباد ہورہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے یہ تجزیہ نہیں کیا کہ ٹیکوں کی کتنی ضرورت ہوگی۔