نئی دہلی، 19 اکتوبر (یو این آئی)کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک کی تباہ ہوتی معیشت پر گہری فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کا کام اسے پٹری پر لانا ہے نہ کہ اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر کوئی ’کامیڈی سرکس‘ چلانا ہے۔
محترمہ وڈرا گاندھی نے حال ہی میں نوبل ایوارڈ پانے والے ماہر معاشیات ہندوستانی نژاد امریکی شہری ابھیجیت بنرجی اور ملک کی تباہ حال معیشت پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں اور مرکزی
وزرا کی طرف سے دیئے جارہے عجیب وغریب بیانوں پر سنیچر کو طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ادھرادھر کی ہانکنے کے بجائے ملک کی عوام کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنا چاہئے۔
انہوںنے ٹوئٹ کیا کہ ’’بی جے پی لیڈروں کو جو کام ملا ہے اس کو کرنے کے بجائے دوسروں کی کامیابیوں کو جھٹلانے میں لگے ہیں۔ نوبل انعام پانے والے نے اپنا کام ایمانداری سے کیا، نوبل ایوارڈ حاصل کیا۔ معیشت تباہ ہوتی جارہی ہے۔ آپ کا کام اس کو بہتر کرنا ہے نہ کی کامیڈی سرکس چلانا۔‘‘