نئی دہلی، اندور، 19 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مدھیہ پردیش کے اندور میں قائم ایشیا کے سب سے بڑے بائیو-سی این جی پلانٹ ’گوبر-دھن‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گوبر-دھن کچرے سے کنچن بنانے کی مہم ہے اور حکومت اگلے دو تین سالوں میں شہروں کو کچرے کے پہاڑوں سے پاک کرنے کا ارادہ ہے۔
مسٹر مودی نے اس پلانٹ کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کرتے ہوئے اندور کے لوگوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کو ٹھکانے لگانا کسی بھی شہر کے مکینوں کی محنت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ پر یہ پلانٹ لگایا
گیا ہے، چند سال قبل اس کی شناخت صرف کچرے کے پہاڑ کے طور پر کی تھی۔ اندور میونسپل کارپوریشن نے اس ڈمپنگ سائٹ کو گرین زون میں تبدیل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں ملک کے 75 بڑے شہری اداروں میں اس طرح کے پلانٹ لگانے کا کام کیا جائے گا۔ یہ کوششیں شہروں کو صاف ستھرا بنانے اور کلین انرجی فراہم کرانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ گاؤں میں بھی بڑی تعداد میں گوبر دھن بائیو گیس پلانٹ قائم کئے جا رہے ہیں۔ ایسے میں نہ صرف گائے کے گوبر سے اضافی آمدنی ہوگی بلکہ بے سہارا جانوروں کا مسئلہ بھی کم ہونے لگے گا۔