نئی دہلی, 12 فروری (یو این آئی) مرکزی حکومت نے گردے کی پیوند کاری کے بارے میں منظوری سے متعلق ضابطے کی خانہ پری کو آسان بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
لوک سبھا میں جمعہ کو وقفہ سوال کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان اودئے پرتاپ سنگھ کے سوال کے جواب میں ، وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ، "خونی رشتہ کے علاوہ اگر کوئی شخص بیمار آدمی کو جذباتی طور گردہ عطیہ کرنا چاہتا ہے تو اس کو مناسب دستاویزات کے ساتھ درخواست دینا ہوگی۔ اس کی منظوری کے لئے اسپتال اور ریاستی سطح پر ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی
گئی ہے۔ "
انہوں نے کہا ، “یہ 2011 میں گردے کے عطیہ دینے کے عمل سے متعلق قواعد میں ترمیم کرکے 2014 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ حکومت کا زور ایسے معاملات میں منظوری دی جانے والے ضابطے کو آسان بنانے پر ہے تاکہ علاج میں تاخیر نہ ہو۔
وقفہ سوال کے دوران ، مسٹر اودے پرتاپ کے علاوہ ، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چوہدری سمیت متعدد ممبران نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ گردے کی پیوند کاری میں ڈونر کیسوں میں باقاعدہ رسمی معاملات اتنے پیچیدہ ہیں کہ اس سے وقت پر بیمار کا علاج نہیں ہوتا ہے اور اس کی وجہ سے کئی بار مریض کی موت تک ہوجاتی ہے ۔