نئی دہلی، 24 مارچ (یو این آئی) وزیر ریل پیوش گویل نے لوک سبھا میں بدھ کے روز کہا کہ حکومت ریلوے اہلکاروں کے تحفظ و ترقی کو یقینی بنانے کے تئیں پابند عہد ہے مسٹر گویل نے وقفہ سوال کے دوران ضمنی سوالوں کے جواب میں کہا کہ مسافروں کو اچھی سہولتیں اور ریلوے کے ذریعے ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے نجی شعبے کے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ حکومت اور نجی شعبہ مل کر جب کام کریں گے تو ملک کی ترقی اور روزگار کے مواقع تیزی سے پیدا ہوں گے۔ نجی شراکت داری سے ریلوے کے اہلکاروں کے
مفاد کسی طور متاثر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جدید عالمی سطحی ریلوے بنانا ہے تو بہت روپیے کی ضرورت ہوگی۔ نجی شعبہ جو خدمات دے گا وہ ہندوستانی شہریوں کو ملیں گی۔ روزگار ملیں گے۔ ملک کی معیشت بڑھے گی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ نجی ٹرینوں میں بھی اہلکاروں اور مختلف سروسز مہیا کروانے والے اہلکاروں کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اپنے نیٹ ورک کا زیادہ سے زیادہ استعمال چاہتا ہے۔ اس سے مسافروں کو اچھی اور جدید سہولتیں مل سکیں گی اور ریلوے کے اوپر سے بوجھ کم ہوگا۔