نئی دہلی، 22 دسمبر (یو این آئی) دہلی حکومت نے کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے دوران قومی دارالحکومت میں کرسمس اور نئے سال کے کسی بھی جشن پر پابندی لگا دی ہے۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے بدھ کو اس بابت رہنما خطوط (گائڈ لائنس) جاری کیے ہیں۔ اس کے تحت کسی بھی ہوٹل، بار یا ریسٹورنٹ میں 50 فیصد بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ دارالحکومت میں ہر قسم کے سیاسی، سماجی، ثقافتی، مذہبی اور کسی بھی قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔ بینکوئٹ ہال میں شادیوں، جلسوں، کانفرنسوں اور نمائشوں کے علاوہ کوئی اور تقریب نہیں ہوگی۔
ڈی ڈی
ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ تمام ضلع مجسٹریٹ اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس اس بات کو یقینی بنائیں کہ دہلی میں کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ان کے حلقے میں کوئی ثقافتی پروگرام، اجتماع، تقریب نہ ہو۔ شادیوں اور دیگر تقریبات کے لیے 200 افراد کو اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے تمام ضلع افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے ساتھ ہاٹ سپاٹ علاقوں کی نشاندہی کریں اور ان علاقوں میں کورونا کے رہنما خطوط کے مطابق ضروری اقدامات کریں۔ اگر دکانوں، کام کی جگہوں پر ماسک نہیں ہے تو داخل نہ ہونے دینے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔