نئی دہلی ،4 جنوری (یواین آئی) سپریم کورٹ نے گوا میں کانگریس کے 10 باغی اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیے جانے کے متعلق عرضی کی سماعت فروری تک کے لئے پیر کے روز ملتوی کردی گوا کانگریس کے صدر گیریش چوڈانکر نے ان باغی اراکین اسمبلی کو دل بدل قانون کے تحت نااہل ٹھہرانے کےمعاملے میں اسپیکر کو ہدایات جاری کرنے کی مانگ کی ہے ۔
مسٹر چوڈانکر کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے ، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وی راما سبرامنیم کےبنچ کے سامنے دلیل پیش کی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوئےکانگریس کے باغی
اراکین اسمبلی کو نااہل ٹھہرائے جانے کے متعلق عرضی 2019 میں دائر کی گئی تھی۔ تقریباََ ڈیڑھ سال گزر جانے کے بعد بھی گوا اسمبلی اسپیکر نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
مسٹر سبل نے کہا کہ 11 اگست 2020 کو عرضی پر سماعت دو ہفتوں بعد کرنے کی سپریم کورٹ رجسٹری کو ہدایت دینے کے بعد بھی عرضی طویل عرصے تک لسٹڈ نہیں کی گئی ۔ اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل مکل روہتگی نے مسٹر سبل کی اس دلیل کی پرزور مخالفت کی۔
دریں اثنا بنچ نے کہا کہ عرضی لسٹڈ نہ ہونے پیچھے کوئی زاتی مفاد نہیں ہے۔ عدالت نے معاملے کی سماعت فروری تک کے لئےملتوی کر دی ۔