سری نگر،8 مارچ (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدرعمرعبداللہ نے بارہویں جماعت کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبا خاص کر طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موقع فراہم کئے جانے پر خواتین جملہ شعبہ ہائے حیات میں سبقت لے سکتی ہیں نیشنل کانفرنس کے صدرو نائب صدر کا خواتین کے لئے یہ پیغام اس وقت آیا ہے جب پیر کے روز دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین
منایا جا رہا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے بارہویں جماعت کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبا خاص کر طالبات کو مبارک باد پیش کیا ہے۔
باپ بیٹے نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں طالبات کی بہترین کارکردگی سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ اگر خواتین کو موقع فراہم کیا جائے گا تو وہ ہر میدان میں سبقت لے سکتی ہیں۔