نئی دہلی ، 8 اگست ( یواین آئی ) گیریش چندر مرمو نے سنیچر کے روز کمپٹرولراینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کے عہدے کا حلف لیا۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے مسٹر مرمو کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا ۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں نائب صدر ، ایم وینکیا نائیڈو ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
مسٹر مرمو ملک کے 14 ویں سی اے جی کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے راجیو مہارشی کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ مسٹر مرمو نے ایشور کے نام پر ہندی میں عہدے اور رازداری کا حلف
لیا۔
اڈیشہ کے میوربھنج میں 21 نومبر 1959 کو پیدا ہوئے ، مسٹر مرمو 1985 بیچ کے گجرات سے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر ہیں۔
نریندر مودی حکومت نے پچھلے سال انہیں مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کا پہلا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا تھا۔ وہ اس عہدے پر گذشتہ سال 31 اکتوبر کو مقرر ہوئے تھے اور رواں برس 5 اگست تک رہے۔
وزیر اعظم کے قابل اعتماد افسر مسٹر مرمو، مسٹر مودی کے گجرات کے وزیر اعلی رہنے کے دوران ان کے پرنسپل سیکریٹری کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔
ان کی مدت کار چھ سال یا 65 سال کی عمر ، جو بھی پہلے ہو ، تک رہے گی ۔