رائے پور ، 9 مئی ( یواین آئی) چھتیس گڑھ کے ضلع راج نند گاؤں میں پولیس نے گزشتہ شب تصادم آرائی میں چار انعامی نکسلیوں کو ہلاک کر دیا ۔ نكسليوں کی فائرنگ سے تھانہ انچارج شہید ہو گئے ۔
پولیس ڈائریکٹر جنرل ڈی ایم اوستھي نے آج یہاں بتایا کہ ضلع راج نندگاؤ ں کے مدن واڑہ علاقے میں نکسلیوں کی جنگل میں موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ان کے رکنے کی جگہ کامحاصرہ کر لیا ۔ نكسليوں نے اسی درمیان فائرنگ شروع کر دی، جس پر سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔ طرفین میں کافی دیر تک جاری فائرنگ کے دوران مدن
واڑہ کے تھانہ انچارج شیام کشور شرما گولی لگنے سے شہید ہو گئے ۔ نکسلیوں کی طرف سے فائرنگ ختم ہونے کے بعد جائے وقوعہ کی تلاشی لینے پر چار انعامی نکسلیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ۔ ان میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں ۔ موقع سے پولیس نے ایک اے 47 رائفل، ایک ایس ایل آر اور ایک 12 بور کی بندوق بھی برآمد کی ہے ۔ واضح رہے ہیں کہ مدن واڑہ نکسل متاثرہ علاقہ رہا ہے ۔یہ علاقے 2009 میں اس وقت ملک میں سرخیوں میں آ یا تھا جب نکسلیوں کے ساتھ تصادم کے دوران راج نند گاؤ ں کے اس وقت کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت 29 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے ۔