نئی دہلی، 29 جنوری (ایجنسی) ہندوستانی سیاست کے سرخیلوں میں سے ایک سینئر سماجوادی لیڈر جارج فرنانڈیز جہاں قدآور لیڈروں کو جھکانے کی صلاحیت رکھتے تھے وہیں وہ غریبوں اور محروم طبقات کے مسیحا بھی تھے۔
ہندوستانی سیاست میں ایک منفرد مقام رکھنے والے جارج فرنانڈیز کی پیدائش تین جون 1930 کو ایک عیسائی خاندان میں ہوئی تھی۔وہ انگریزی سمیت نو دیگر ہندوستانی زبانوں پر دسترس رکھتے تھے۔ وہ ہندی کے ساتھ ساتھ انگریزی فراٹے کےساتھ بولتے اور لکھتے تو تھے ہی، ساتھ ہی تمل، مراٹھی، کنڑ، اردو، مليالي، تیلگو، كونكني اور لاطینی زبانوں پربھی دسترس رکھتے تھے۔
2002 میں گودھرا فسادات کے بعد
مسٹر فرنانڈیز گجرات کی حکومت کا دفاع کرنے والے اہم لوگوں میں شامل تھے۔ نریندر مودی کو جب گجرات کے وزیر اعلی کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ زور شور سے کیا جارہاتھا ، تب انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹاپ رہنماؤں کے ایک گروپ سے کہا تھا کہ یہ شخص (مسٹر مودی) ہندوتو کی سیاست کو روشنی دکھائے گا۔
کرناٹک میں منگلور کے رہنے والے جارج فرنانڈیز جب 16 سال کے ہوئے تو ان کو ایک عیسائی مشنری میں پادری بننے کی تعلیم لینے بھیج دیا گیا اگرچہ چرچ میں ہونے والے تمام طرح کے رسم رواج کو دیکھ کر جلد ہی ان کی اس سے دلچسپی ختم ہو گئی۔ آخر کار 1949 میں 18 سال کی عمر میں انہوں نے چرچ چھوڑ دیا اور روزگار کی تلاش میں ممبئی (اس وقت بمبئی) چلے گئے۔
ممبئی میں وہ سوشلسٹ پارٹی اور ٹریڈ یونین تحریک کے پروگراموں میں حصہ لینے لگے جس کی وجہ سے ان کی شروعاتی شبیہ باغی لیڈر کی بنی۔