سری نگر، 23 مئی (ایجنسی) نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سری نگر پارلیمانی نشست جیت لی ہے۔ انہوں نے قریب 98 ہزار 145 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ڈی پی کے آغا سید محسن نے قریب 34 ہزار 145 جبکہ پیپلز کانفرنس کے عرفان رضا انصاری نے قریب 25 ہزار 499 ووٹ حاصل کئے۔ تاہم دیگر دس امیدواروں میں سے کوئی بھی امیدوار دو ہزار یا دو ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوپایا ہے۔
تیراسی سالہ فاروق عبداللہ کا سیاسی کیریئر قریب چار دہائیوں پر محیط ہے۔ انہیں اپنے طویل سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ سنہ 2014ء کے پارلیمانی انتخابات میں ہار کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔ انہیں پی ڈی پی کی ٹکٹ پر انتخابات لڑنے والے طارق حمید قرہ نے 42 ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہرایا تھا۔
تاہم مسٹر قرہ
نے 2016 میں وادی میں جاری ایجی ٹیشن کے دوران پی ڈی پی اور بحیثیت پارلیمنٹ ممبر استعفیٰ دیا اور پھر کچھ ماہ کے انتظار کے بعد کانگریس میں شامل ہوئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2017 ء میں سری نگر پارلیمانی نشست کے ضمنی انتخابات کے دوران مسٹر قرہ نے ڈاکٹر فاروق کے حق میں زوردار مہم چلائی تھی۔
فاروق عبداللہ نے اپنے مد مقابل نذیر خان کو 10 ہزار 775 ووٹوں کے فرق سے ہرایا تھا۔ سری نگر پارلیمانی نشست پر 9 اپریل 2017ء کو ضمنی انتخابات شدید جھڑپوں اور کم ترین ووٹنگ شرح کے نذر ہوئے تھے۔ جہاں پولنگ کے دوران آزادی حامی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 9 شہری ہلاک جبکہ قریب 150 دیگر زخمی ہوئے تھے، وہیں پولنگ کی شرح محض 7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ سب سے زیادہ تشدد کے واقعات ضلع بڈگام میں پیش آئے تھے۔