نئی دہلی 27اگست(یواین آئی)اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے’یونو کرشی ایپ‘سے ملک کے کروڑوں کسان اب بیج خرید سمیت سرکاری اسکیموں اور بینک کی سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں گے وزیرزراعت نریندر سنگھ تومر نے بدھ کو ہندوستانی کونسل برائے زرعی تحقیق کے ہندوستانی باغبانی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(آئی آئی ایچ آر)بنگلور کے ’بیج پورٹل‘کا ایس بی آئی کے ‘یونو کرشی ایپ‘کے ساتھ انضمام کر کے افتتاح کیا۔اس موقع پر ایس بی آئی کے چیئر مین رجنیش کمار خصوصی طور پر موجود تھے۔دونوں ایپ کے انضمام سے ملک کے کروڑوں کسان ،بیج خرید سمیت سرکاری اسکیموں اور بینک کی سہولیات کا فائدہ ڈیجیٹل طور پر حاصل کرسکیں
گے۔
مسٹر تومر نے کہا کہ زراعت کا شعبہ چیلنجنگ رہا ہے،اس کے باوجود کسانوں کی ان تھک محنت اور سائنس دانوں کی تحقیق اور سرکار کی پالیسیوں کے سبب یہ شعبہ ملک میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ملک کی غذائی ضرورتوں کو پوری کرنے کے ساتھ ہی جی ڈی پی میں تعاون دینے کے نظریہ سے بھی زرعی شعبہ کی اہمیت ہے۔کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے بہت سی اسکیمں چلائی ہیں۔باغبانی کا زرعی شعبے میں 32 فیصد تعاون ہے،جس میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔باغبانی میں کسانوں کو ان کی پیداوار کی واجب قیمت ملنے کی پوری امید رہتی ہے،کم رقبے میں بھی اچھی پیداوار کرکے کسان اپنی مالی حالت بہتر کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔