نئی دہلی، 27 اپریل (یو این آئی) زراعت کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے کسانوں کی آمدنی میں دو سے دس گنا تک اضافہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے آج کہا کہ ایسے ترقی پسند کسانوں کو گاؤں گاؤں جانا چاہیے اور کھیتی باڑی کرنے والے لوگوں میں بیداری پیدا کرنی چاہیے۔
مسٹر تومر نے "فارمر پارٹنرشپ ترجیح ہماری" پروگرام کے تحت فصل بیمہ اسکول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور حکومت کی زراعت سے متعلق اسکیموں سے وابستہ کسان خوشحال ہوئے ہیں اور ان کے
کنبوں نے ترقی کی ہے۔ ایسے کسانوں کی آمدنی پچھلے پانچ چھ سالوں میں دس گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کسان گاؤں گاؤں جا کر ’’زرعی سفیر‘‘ بنیں تو زراعت کی معیشت مضبوط ہوگی۔
وزیر زراعت نے کہا کہ آج کسانوں کو ان کی مصنوعات کی مارکیٹ میں کم از کم امدادی قیمت سے بہتر قیمت مل رہی ہے۔ گندم اور سرسوں کی بہتر قیمت مل رہی ہے اور سرسوں کے تیل میں ملاوٹ بند ہو گئی ہے جس سے کاشتکار کافی خوش ہیں۔ حکومت ایسے دیگر اقدامات بھی کرے گی جو کسانوں کے مفاد میں ہوں۔