نئی دہلی ، 21 اکتوبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کو ایک بار پھر مرکزی حکومت پر واضح کیا کہ کسانوں کو احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن اس کی وجہ سے سڑکیں غیر معینہ مدت کے لیے بند نہیں کی جا سکتی ہیں جسٹس ایس کے کول اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی بنچ نے ایک بار پھر مظاہرین کو سڑکوں سے ہٹانے کی عرضی پر سماعت کے دوران یہ تبصرہ کیا دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے کسانوں کی تنظیموں سے کہا کہ وہ چار ہفتوں میں اپنا جواب داخل کریں۔ معاملے کی اگلی سماعت 7 دسمبر کو ہوگی۔
نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والی سنیکت کسان مورچہ اور دیگر کسان تنظیموں پر سڑکوں کو بند کرنے کا
الزام عائد کرنے والی عرضی پر عدالت عظمیٰ سماعت کر رہی تھی۔
عدالت عظمیٰ نے مظاہرین کو ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی اس عرضی کی شنوائی کے دوران کہا کہ ہمیں سڑک جام سے پریشانی ہے۔ اس طرح کا دھرنا مظاہرہ کرکے سڑکوں کو غیرمعینہ مدت کے لیے بند نہیں کیا جا سکتا۔
سماعت کے دوران ، سپریم کورٹ نے سنیکت کسان مورچہ اور کسان تنظیموں سے پوچھا کہ کیا انھیں سڑکیں بند کرنے کا حق ہے؟ اس پر کسان تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ پولیس، ٹریفک مینجمنٹ کا کام اچھے طریقے سے کر سکتی ہے۔ اگر وہ ایسا کرنے کے قابل نہیں ہے تو ہمیں دہلی کے جنتر منتر یا رام لیلا میدان میں دھرنا دینے کی اجازت دی جانی چاہیے۔